صرف 3 دنوں میں پیٹرول 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر مہنگا

اسلام آباد : پاکستان میں مہنگائی سے پسی عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں مسلسل بوجھ ڈالا جارہا ہے، اس سلسلے میں سرکاری دستاویزات نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت شہریوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی اصل لاگت سے 133 روپے فی لیٹر تک زائد ٹیکسز، لیوی اور مارجنز وصول کررہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی اصل فی لیٹر لاگت 234 روپے 73 پیسے بنتی ہے، اس پر حکومت کی جانب سے 131 روپے 60 پیسے کی لیوی، ٹیکس اور مختلف مارجنز عائد کیے گئے ہیں، جس کے بعد پیٹرول 133 روپے 2 پیسے اضافے کے ساتھ فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اصل قیمت پر 122 روپے 55 پیسے فی لیٹر لیوی، ٹیکس اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ صرف 3 دنوں کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اور ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے، 7 ستمبر تک پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 345 روپے 87 پیسے تھی، جس میں 3 دنوں کے دوران 21 روپے 88 پیسے کا بھاری اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوئی، 7 ستمبر تک ڈیزل 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر تھا، جس میں 3 دنوں کے اندر 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا اور اب یہ بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں