ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا دورہ چین کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد : ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے دورہٴ بیجنگ کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر اہم رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس رابطے کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ اور علاقائی امن و امان کی بحالی کے لیے مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانا تھا کیونکہ ایران نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ باضابطہ بات چیت کا آغاز کردیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس سے قبل بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے انتہائی اہم ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ تہران اپنے عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق اور قومی مفادات کے دفاع کے ساتھ ساتھ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ، پرامن اور مضبوط تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی ذرائع اور مذاکرات ہی واحد حل ہیں۔
دوسری جانب چین نے خطے کے ابتر ہوتے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مزید ہر قسم کی کشیدگی سے گریز کریں اور بامعنی مذاکراتی عمل کی طرف واپس لوٹیں، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بیجنگ بالکل نہیں چاہتا کہ یہ بحران مزید بڑھے یا اس کے اثرات یمن اور بحیرہ احمر تک پھیل کر عالمی سلامتی کو متاثر کریں۔
انہوں نے امریکہ اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اتفاقِ رائے کی بنیاد پر مذاکراتی فریم ورک کو بلا تاخیر بحال کریں، واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری شدید عسکری و سیاسی تنازع خطے یا دنیا کے کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے لہٰذا تمام معلقہ معاملات پر سچائی اور سنجیدگی کے ساتھ ڈائیلاگ شروع کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں