وینا ملک کا بھارت میں کبھی بھی کام نہ کرنے کا اعلان

ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کی متنازع اداکارہ وینا ملک نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارت میں کام کے دوران اچھا سبق حاصل ہوا بھارت میں کام کے تجربے نے مجھے مزید سمجھدار بنایا، میں نے بھارت میں کام کرنا کسی خوف یا دھمکیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی مرضی سے چھوڑا تھا۔

وینا نے مزید کہا آپ بھارت میں کام کرتے ہوئے پوری زندگی گزاردیں لیکن آپ دیکھیں گے کہ وہاں کی تاریخ میں کسی پاکستانی فنکار کا نام شامل نہیں ہے، لیکن پاکستان میں کام کے دوران نہ صرف میری زندگی میں بلکہ میرے مرنے کے بعد بھی مجھے یاد رکھا جائے گا۔ جب وینا ملک کو پاکستان کے دیگر فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی نصیحت کرنے کے لیے کہا گیا تو وینا نے کہا میں خود ایک آرٹسٹ ہوں لہذٰا میں کس طرح دیگر فنکاروں کو کوئی نصیحت دے سکتی ہوں۔

مجھے لگتا ہے ہرکسی کو اپنی زندگی میں سب کچھ کرنا چاہئے انہیں اپنی زندگی میں آنے والے مواقعوں سےفائدہ اٹھانا چاہئے، میرا ماننا ہے کہ لوگ اپنی غلطیوں سے ہی سیکھتے ہیں۔ آج میں جو کچھ ہوں اپنے کیے ہوئے فیصلوں کی وجہ سے ہوں۔ وینا نے کہا اگر مجھے دوبارہ بھارت جاکر کام کرنے کا موقع ملے تو مجھے نہیں لگتا کہ میں اب کبھی بھارت جاکر کام کروں گی۔

دوران انٹرویو جب وینا سے سوال کیا گیا کہ اگر آپ کو سلمان یا شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو آپ اس پیشکش پر غور کریں گی جس کے جواب میں وینا نے کہا نہیں، جب میں بھارت میں کام کررہی تھی اس وقت بھی مجھے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی متعدد بار پیشکش ہوئی تھی لیکن میں فنکار کی اپنی کوششوں کے باعث کامیابی پر یقین رکھتی ہوں، اور اب میری ترجیح اپنے ملک میں کام کرنا ہے، اس کے علاوہ میں اپنی تمام صلاحیتیں پاکستان میں کام کرنے پر خرچ کرنا چاہتی ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں