کردار، جرأت اور قابلیت فوج کی لازوال اقدار ہیں، فیلڈ مارشل

راولپنڈی : آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار، جرأت اور قابلیت کو لازوال عسکری اوصاف قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں یہ اوصاف پاکستانی جوان ثابت کر رہے ہیں۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلہ کھاریاں میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، فیلڈ مارشل نے پیشہ وارانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے پر شریک ٹیموں کو سراہا، فیلڈ مارشل نے مشق میں مقابلہ کی صلاحیت اور لگن کی بھی تعریف کی۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا ہے کہ ٹیم سپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک سخت اور پیشہ ورانہ پیٹرولنگ مشق ہے، مشق کا مقصد شریک ٹیموں کے مابین جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی مہارت سے استفادہ کرنا ہے، یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی جس نے شرکاء کو ایک حقیقت سے قریب اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا، گزشتہ برسوں میں PATS ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی عسکری مشق کے طور پر ابھری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ مشق شریک ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت، باہمی سیکھنے اور عسکری تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، یہ فورم عسکری روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیم ورک اور باہمی اعتماد کو بھی فروغ دیتا ہے، اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان شامل تھے، انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر تقریب میں شرکت کی، پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 مقامی ٹیموں کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی مشق میں شریک رہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایسی بین الاقوامی مشقیں اجتماعی تیاری اور جدید حربی تکنیک اپنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، کردارسازی، جرات اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، یہ اقدار پاک فوج کی طرہ امتیاز ہیں، پاکستانی جوان خاص کر دہشت گردی میں اس کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں، کردار، جرأت اور قابلیت وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں