اسلام آباد :پاکستان کی کامیابی سفارتکاری کے دنیا بھر میں مثبت اثرات سامنے آئے ہیں سیزفائر کے نتیجے میں عالمی مینڈی میں تیل کی قیمتیں بھی 19 فیصد تک گرگئیں، وزیراعظم نے قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں سیز فائر ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 19 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے، برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں 17 ڈالر 31 سینٹ فی بیرل کمی ہوگئی، برطانوی خام کی قیمت 112 ڈالر سے کم ہوکر 94 ڈالر 69 سینٹ پر آچکی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی کمی دیکھی گئی، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 115 ڈالر سے کم ہوکر 96 ڈالر 73 سینٹ ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کرنے کا اعلان کردیا، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی الحمداللہ پاکستان کی تاریخی کامیابی ہے، پاکستان کیلئے آج بہت بڑا تاریخ ساز دن ہے، ہم اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر عوام کو فوری منتقل کیا جائے گا، کابینہ اجلاس میں مزید اقدامات پر مشاورت ہوگی۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث پاکستان کی جانب سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی تھی کہ سفارت کاری کو موقع دینے کیلئے ایران پر حملوں کی ڈیڈ لائن میں 2 ہفتوں کی توسیع کردی جائے، شہباز شریف نے اس سلسلے میں ایران سے بھی آبنائے ہرمز کو 2 ہفتوں کیلئے کھولنے کی درخواست کی تھی، جس پر فریقین کی جانب سے رضا مندی ظاہر کی گئی اور جنگ بندی ہوگئی۔
تیل کی قیمتیں 19 فیصد تک گرگئیں، وزیراعظم کا قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کرنے کا اعلان




