اسلام آباد کا دورہ نتیجہ خیز رہا، بہت مفید مشاورت ہوئی، ایرانی وزیر خارجہ

ماسکو : ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا دورہ نتیجہ خیز رہا جہاں پاکستان حکام کے ساتھ بہت مفید مشاورت ہوئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے سینٹ پیٹرزبرگ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان اور عمان کے اپنے حالیہ دوروں کا ذکر کیا، ارنا نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ عباس عراقچی نے کہا کہ ان کا اسلام آباد کا دورہ بہت نتیجہ خیز تھا اور اس میں بہت اچھی مشاورت ہوئی، جہاں حکام نے ماضی کے واقعات اور ان مخصوص حالات کا جائزہ لیا جن کے تحت ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات جاری رہ سکتے ہیں۔
عمان کے دورے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقین نے آبنائے ہرمز پر بات چیت کی ہے، ایران اور عمان آبنائے ہرمز کی دو ساحلی ریاستیں ہیں، جو باہمی مشاورت کو ضروری بناتے ہیں، خاص طور پر آبنائے سے محفوظ راستہ ایک اہم عالمی مسئلہ بن چکا ہے، یہ فطری ہے کہ اس آبنائے کے دو ساحلی ممالک کے طور پر ہمیں اپنے مشترکہ مفادات کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت میں مشغول ہونا چاہیئے اور کسی بھی اقدام میں ہم آہنگ رہنا چاہیے کیونکہ ایران اور عمان دونوں کے مفادات براہ راست وابستہ ہیں، ایران اور عمان کے درمیان اعلی درجے کا اتفاق ہے اور دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ماہرین کی سطح پر مشاورت جاری رہنی چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روسی صدر کے ساتھ ان کی آج کی ملاقات جنگ میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کرنے اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کا ایک اچھا موقع ہو گا، مجھے یقین ہے کہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان مشاورت اور ہم آہنگی خاص اہمیت کی حامل ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں