عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب؛ فیلڈ مارشل کا شہداء کی ماؤں کو سلیوٹ، ان کے بچوں کو گلے لگالیا

راولپنڈی: راولپنڈی میں عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب ہوئی جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کی ماؤں کو سلیوٹ کیا اور ان کے بچوں کو گلے لگایا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں وطنِ عزیز کے دفاع اور بقا کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، اس موقع پر مختلف آپریشنز کے دوران وطنِ عزیز کی خاطر غیر معمولی بہادری، شجاعت اور نمایاں خدمات انجام دینے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو اعلیٰ ترین عسکری اعزازات سے نوازا گیا۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ تقریب کے دوران مختلف معرکوں میں جرات کی داستانیں رقم کرنے والے غازیوں اور جامِ شہادت نوش کرنے والے سپوتوں کو تمغے دیئے گئے، 50 ستارہِ امتیاز (ملٹری) پاک فوج کے افسران کو ان کی شاندار کارکردگی اور طویل نمایاں خدمات پر عطا کیے گئے، 12 تمغۂ بسالت میدانِ جنگ میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور افسران کو دیئے گئے، جو جوان اور افسران ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے، ان کے اعزازات بعد از وفات ان کے اہلخانہ نے انتہائی وقار اور فخر کے ساتھ وصول کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی اس قوم کا دائمی فخر ہیں اور پاکستان میں آج جو امن و سلامتی قائم ہے، اس کا پورا سہرا ہمارے شہداء کی عظیم قربانیوں اور فرض شناسی کو جاتا ہے، پوری قوم ان کے صبر، استقامت، وقار اور ان کے پیاروں کی عظیم قربانیوں کو دل سے سلام پیش کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے یکجا ہیں، ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قومی قوت اور بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی، اور کسی بھی شرپسند کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں