واشنگٹن : امریکی اور اسرائیلی حکام نے ایک انتہائی سنسنی خیز ٹیلیفونک رابطے کا انکشاف کیا ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے درمیان غیر معمولی تلخ کلامی اور بدزبانی ہوئی ہے، اس دوران ٹرمپ نے نیتن یاہو کو پاگل قرار دے دیا۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے درمیان لبنان کی صورتِ حال پر ہونے والی ایک حالیہ فون کال کے دوران شدید تلخ کلامی ہوئی، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیل کی لبنان میں بڑھتی ہوئی عسکری جارحیت پر سخت ناراضی کا اظہار کیا اور نیتن یاہو سے انتہائی بدزبانی سے پیش آئے، ماضی کے تمام اختلافات کے برعکس یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اب تک کی سخت ترین گفتگو تھی۔
امریکی حکام نے بتایا کہ صدر ٹرمپ لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں خاص طور پر بیروت پر ممکنہ حملے کے منصوبے پر شدید برہم تھے، انہوں نے نیتن یاہو پر چیختے ہوئے کہا کہ ’تم پاگل ہو گئے ہو، یہ تم کیا کر رہے ہو؟ اگر اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت پر حملہ کیا، تو وہ دنیا میں مزید تنہا ہو کر رہ جائے گا، میں تمہیں کرپشن مقدمات میں جیل جانے سے بچا رہا ہوں لیکن تمہاری حرکتوں کی وجہ سے آج سب تم سے نفرت کرتے ہیں اور اب پوری دنیا اسرائیل سے بھی نفرت کرنے لگی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ اسرائیل کو حزب اللہ کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، لیکن ان کا ماننا ہے کہ نیتن یاہو اب حد سے تجاوز کر چکے ہیں، انہوں نے محض ایک کمانڈر کو نشانہ بنانے کے لیے پوری کی پوری سول عمارتوں کو زمین بوس کرنے اور شہریوں کی ہلاکتوں کے اسرائیلی طریقہ کار پر شدید غصے کا اظہار کیا۔
رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی صدر کی اس شدید ترین ناراضی کے پیچھے کوئی ہمدردی نہیں بلکہ امریکہ کا اپنا بڑا سیاسی مفاد چھپا ہوا ہے، لبنان میں اسرائیلی حملوں کے باعث ایران نے امریکہ کے ساتھ جاری اہم مذاکرات ترک کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے، ایران نے واضح کیا ہے کہ صورتحال خراب ہونے پر وہ مذاکرات سے پیچھے ہٹ جائے گا، امریکہ اور ایران کے درمیان زیرِ بحث ممکنہ معاہدے میں لبنان میں لڑائی کا خاتمہ بھی ایک بنیادی شق ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ واشنگٹن کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے اور وہ نیتن یاہو کی وجہ سے اس ڈیل کو خراب نہیں ہونے دینا چاہتا۔
’میں نہ ہوتا تو تم جیل میں سڑ رہے ہوتے‘ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو پاگل قرار دے دیا




