منیلا: فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں پیر کی صبح آنے والے 7.8 شدت کے انتہائی ہولناک زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد فلپائن سمیت خطے کے 5 ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور ساحلی علاقوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کے جنوبی علاقے سارنگانی کے ساحل پر پیر کی صبح زلزلے کے شدید ترین جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت ریکارڈ 7.8 کی گئی، ملک کی قومی ڈیزاسٹر ایجنسی نے اب تک کم از کم 15 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فلپائن کے سول ڈیفنس کے ترجمان ڈیاگو ماریانو کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹر ایجنسی کو مختلف صوبوں سے ہلاکتوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں، داؤو اوکسیڈنٹل صوبے سے 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جنرل سانتوس سٹی میں زلزلے کے باعث 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ساؤتھ کوٹاباٹو صوبے میں 2 افراد زلزلے کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے، جنرل سانتوس کے قریب واقع الابیل میونسپلٹی میں دیوار گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہوئے، جن کی تصدیق پولیس میجر رولینڈ کاٹوبورن نے کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے فوری بعد بحرِ الکاہل کے خطے میں سونامی کی ہولناک لہروں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، فلپائن، انڈونیشیا، پلوؤ، تائیوان اور پاپوا نیو گنی میں سونامی کی وارننگز جاری کی گئی ہیں، سمندر میں اب تک 1.4 میٹر یعنی تقریباً ساڑھے 4 فٹ بلندی تک کی لہریں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، کسی بھی بڑے جانی نقصان سے بچنے کے لیے فلپائن اور انڈونیشیا کے تمام ساحلی علاقوں سے آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پیر کا دن فلپائن میں نئے تعلیمی سال کا پہلا دن تھا، تاہم اس ناگہانی آفت کے باعث حکومت نے تمام اسکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا، منڈاناؤ کے علاقے ملِیٹا میں واقع مہاہاہائے ایلیمنٹری اسکول میں مقامی وقت کے مطابق صبح 7بج کر 37 منٹ پر جب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تو اس وقت بچے اور اساتذہ گراؤنڈ میں صبح کی اسمبلی پرچم کشائی کی تقریب میں مصروف تھے۔
فلپائن میں قیامت خیز زلزلہ؛ 7.8 شدت کے جھٹکے، کم از کم 15 افراد ہلاک، 5 ممالک میں سونامی کی وارننگ




