اسلام آباد: جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام تقریب میں شریک ہوئے۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس محمد یحییٰ آفریدی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ بھی حلف برداری تقریب میں موجود تھے۔ گزشتہ روز وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین خان کی تقرری کی منظوری دی تھی ، وزارت قانون و انصاف نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس امین الدین خان آئینی بنچ کے سربراہ تھے، انہوں نے 30 نومبر کو عہدہ سے ریٹائر ہونا تھا۔
جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا




