وزیرداخلہ کا اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کی شکایات کے 7 دن میں فیصلے کا حکم

اسلام آباد : وزیرداخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کی شکایات کے 7 دن میں فیصلے کا حکم دے دیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اگر کسی بھی قسم کے قبضے کی شکایت درج کرائیں گے تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد 7 دن کے اندر اس پر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کے ملکیتی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی ان کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری خوش آئند اور قابلِ قدر ہے، حکومت سرمایہ کاروں کو ایک محفوظ اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرے گی، اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثوں کے تحفظ کے لیے تیز، شفاف اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ان کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹس کی درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بینڈ ریسپانس انالیٹکس (شکرا) کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر بھی فعال کر دیئے گئے، ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی، پاسپورٹ اپلائی ہونے سے لے کر ڈیلیوری تک ہر مرحلے کی نگرانی کی جا سکے گی، حکومت کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات فراہم کرنا ہے، مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی جب کہ پاکستانی پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے او سٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے، جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں کے استعمال سے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا اور پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل میں انسانی مداخلت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں