پاکستان کی امریکہ ایران مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی اسلام آباد میں میزبانی کی پیشکش

اسلام اباد : پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی اسلام آباد میں میزبانی کی پیشکش کردی گئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق 2 پاکستانی عہدیداروں نے سیز فائرکی مدت ختم ہونے سے پہلے ایک بار پھر اسلام آباد میں مذاکرات منعقد کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو ہو سکتا ہے، اسی طرح ایک امریکی عہدیدار نے بھی توقع ظاہر کی ہے کہ فریقین معاہدے کے لیے نئے براہ راست مذاکرات پر غور کر رہے ہیں، امریکہ اور ایران کے مذاکرات اب بھی جاری ہیں اور کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے پیشرفت ہوسکتی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے امکانات اب بھی موجود ہیں کیوں کہ مذاکرات کے بعد اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کوئی منفی بات سامنے نہیں آئی، صرف مثبت باتیں ہی سامنے آ رہی ہیں، پاکستان نے مذاکرات کے حوالے سے ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی، یہ سب اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ممکن ہوا، مذاکرات کا عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں اور آئندہ بھی پیشرفت کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بعد کوئی منفی پیشرفت سامنے نہیں آئی بلکہ صورتحال میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، جس سے امید ہے کہ آئندہ نشست میں مزید مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں، پاکستان کی خارجہ پالیسی میں حالیہ کامیابیاں اہم ہیں، تاہم خطے کے فیصلے حالات اور ضرورت کے مطابق ہوتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ کی رحمت پاکستان پر قائم رہے اور یہ سفارتی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں