وزیراعظم سرکاری دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں طے

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں ان کی سعودی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں طے پاگئیں، خطے کی صورتحال کے تناظر میں یہ دورہ اہمیت اختیار کرگیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج یعنی بدھ کے روز سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ روانہ ہوں گے، اس انتہائی اہمیت کے حامل دورے کے دوران اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دورے کی دعوت موصول ہوئی ہے، دورے میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقات ہوگی، جس میں ممکنہ طور پر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت ہوگی، ملاقات میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے آئندہ لائحۂ عمل، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے امکانات پر گفتگو متوقع ہے جہاں مستقل جنگ بندی اور امن کے قیام سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران اور امریکہ کے اسلام آباد میں مذاکرات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ انتہائی ا ہمیت کا حامل ہے، اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی تعاون کے معاملات بھی چل رہے ہیں، اس دورے میں ممکنہ طور پر وزیراعظم کے ساتھ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب روانہ ہوں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاک سعودی دفاعی معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ایئربیس پر پاکستانی فورسز پہنچ چکی ہیں، جن میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی شامل یں، سعودی وزارت دفاع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت مشرقی سیکٹر میں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر اسلامی جمہوریہ پاکستان سے فوجی دستے کی آمد ہوئی ہے، سعودی عرب پہنچنے والی پاکستانی فورس پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد مشترکہ فوجی تعاون کو بڑھانا، دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان آپریشنل تیاری کی سطح کو بڑھانا اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر سلامتی اور استحکام کی حمایت کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں