جدہ :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کی امن کیلئے کوششوں پر اعتماد میں لیتے ہوئے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان منفرد تعلقات ہیں ، دونوں ممالک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت تزویراتی شراکت دار ہیں جبکہ سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امن کیلئے مذاکرات کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں مملکت سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب کی جانب سے ولی عہد کی قیادت میں مثالی صبر اور تحمل کو سراہا جو موجودہ بحران میں سعودی عرب اور اس سے باہر کے تمام امن پسند لوگوں کے لیے طاقت کا باعث ہے۔
وزیراعظم نے سعودی ولیعہد کو پاکستان کی امن کوششوں سے متعلق حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے امریکا ایران جنگ بندی ہوئی اور حال ہی میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کا دور ہوا۔سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے امن کے اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا۔




