پاکستان نیوی کا جدید ترین گائیڈنس سسٹم کے حامل اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی : پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں مقامی اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ میزائل کو پاک بحریہ کے جنگی جہاز سے فائر کیا گیا جس نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
بحری حکام کے مطابق برق رفتار میزائل جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو سمندری دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ ثابت ہوگا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے منصوبے سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور کامیاب تجربے پر ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور دیگر خصوصیات کا حامل ہے، میزائل دشمن کے دفاعی نظام سے بچنے اور انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میزائل کا کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی برتری اور عملی مہارت کا عکاس ہے۔ صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربہ میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں