تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ ایران کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات اور سیاسی مکالمہ ہی خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہیں۔ ملاقات میں سرحدی تعاون، دفاعی روابط اور باہمی اعتماد کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکہ اور ایران میں مذاکرات کا دوسرا راونڈ 20سے 22 اپریل کے درمیان اسلام آباد میں ہوگا۔
اس سے قبل فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ فیلڈمارشل کی قیادت میں وفد تہران پہنچاتو ایرانی وزیرخارجہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ملاقات میں کہناتھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تہران آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں،ان کاکہناتھا کہ مذاکرات کی میزبانی پاکستان اور ایران کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے،خطے میں امن واستحکام کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے۔




