بشریٰ بی بی جیل سے ہسپتال منتقل، بیرسٹر گوہر کی تصدیق

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات انہیں بشریٰ بی بی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق بشریٰ بی بی کی طبی صورتحال اور علاج سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے اور متعلقہ حکام سے مکمل معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات کروائی جائے، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے بھی فیملی ممبران کی ملاقات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج معالجے تک رسائی ہر شہری کا بنیادی اور قانونی حق ہے۔
گزشتہ روز ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل 3 رکنی ٹیم کی اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

میڈیکل ٹیم میں الشفا آئی ٹرسٹ اسپتال کے ڈاکٹر ندیم قریشی، پمز کے ڈاکٹر محمد عارف اور ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹر آفاق شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے آنکھوں کے مسائل سے متعلق شکایت کی تھی جس کے بعد تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ طبی معائنہ جیل اسپتال میں تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا جبکہ میڈیکل ٹیم جدید آلات بھی ساتھ لائی تھی تاکہ نظر اور آنکھوں کی مکمل جانچ کی جا سکے۔ اس دوران جیل اسپتال کے طبی عملے نے بھی میڈیکل ٹیم کی معاونت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معائنے کے بعد میڈیکل ٹیم نے بشریٰ بی بی کے لیے آنکھوں کے قطرے تجویز کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں