سیکیورٹی فورسز کا خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 22 خوارج ہلاک

راولپنڈی : سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع خیبر میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس میں 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق انٹیلی جنس معلومات پر فورسز نے آپریشن کیا تو دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا، فورسز کی فائرنگ سے 22 خوارج مارے گئے، ہلاک کیے جانے والے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
افواج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ علاقے میں موجود کسی بھی مزید خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے، معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت اور اسلحہ برآمدگی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا، صدرِ مملکت نے معصوم 10 سالہ بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف قربانیاں قابلِ فخر ہیں، ایسے وقت میں جب پاکستان کی قیادت خطے اور دنیا میں امن کیلئے سر توڑ کوشش کر رہی ہے، دہشتگرد ہماری اس کوشش کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ہم دہشت گردی کو بھی شکست دیں گے اور دنیا میں امن کیلیے اپنا قائدانہ کردار بھی ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں