ملک میں گیس کا بحران شدید، سپلائی کم ترین سطح پر آ گئی، گیس پریشر نہ ہونے پر شہری پریشان

کراچی: ملک میں گیس کا بحران شدید ہوچکا ہے کیوں کہ سپلائی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، گیس پریشر نہ ہونے پر شہری پریشان ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث آر ایل این جی سپلائی متاثر ہونے سے گیس کی کمی سے صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے اور ملک میں آر ایل این جی کے موجودہ ذخائر میں تیزی سے کمی آنے پر سپلائی کم ترین سطح پر آ گئی۔
اس حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ گیس کا شارٹ فال 600 ملین کیوبک فٹ سے تجاوز کر گیا ہے، گیس کی طلب کے مقابلے میں فراہمی کئی گنا کم کردی گئی اور گیس کی یومیہ سپلائی 1200 ملین کیوبک فٹ سے کم ہو کر صرف 700 ملین کیوبک فٹ رہ گئی ہے، جس کے باعث پاور اور کھاد سیکٹر کو گیس کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی جا رہی ہے، گھریلو صارفین کو بھی گیس کم فراہم کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گھروں میں گیس پریشر نہ ہونے سے شہری سخت پریشان ہیں کیوں کہ گھروں میں گیس پریشر نہ ہونے کے باعث شہری بازار سے کھانا خریدنے پر مجبور ہیں، جس سے مہنگائی میں ان کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے، ادھر دوسری جانب گیس کی قلت کے باعث ملک بھر میں صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں