لاک ڈاؤن کا دوبارہ آغاز، نئی پابندیاں آج سے نافذ العمل ہوں گی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد : آج سے لاک ڈاؤن کا دوبارہ آغاز ہوگیا، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے، ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفیکیشن کے تحت وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار کو محدود کر دیا گیا ہے اور اس قانون کا اطلاق آج ہی سے نافذ العمل ہوگا، یہ احکامات اگلے سرکاری احکامات آنے تک بدستور مؤثر رہیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ نوٹیفیکیشن کے تحت مختلف کاروباری مراکز کو حکومتی شیڈول کے مطابق بند کرنا ہوگا، تمام چھوٹی بڑی مارکیٹس، تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز رات 8 بجے لازمی بند کر دیئے جائیں گے، تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندوروں کو رات 10 بجے تک کاروبار ختم کرنے کی اجازت ہوگی، روزمرہ کی اشیاء فراہم کرنے والے کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل کی دکانیں اور بیکری شاپس بھی رات 10 بجے بند ہونا لازمی ہیں، تمام شادی ہالز، کیٹرنگ سینٹرز اور مارکیز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی تمام تر تقریبات رات 10 بجے تک ہر صورت ختم کریں۔
معلوم ہوا ہے کہ عوام کی سہولت اور ہنگامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے مختلف شعبوں پر نئے اوقات کار لاگو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، ان میں تمام ہسپتال، میڈیکل اسٹورز اور میڈیکل لیبارٹریز شامل ہیں، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور دودھ و ڈیری شاپس اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز معمول کے مطابق چلتی رہیں گی، جم، پیڈل کورٹس اور دیگر تمام اسپورٹس سہولیات کو بھی کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی، استثنیٰ کے حامل شعبوں میں آئی ٹی کمپنیاں اور انٹرنیشنل کال سینٹرز بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں