حکومت نے لاک ڈاؤن میں بازار اور دکانیں بند کرنے کا وقت تبدیل کردیا

اسلام آباد : وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر کے بازاروں اور کاروباری مراکز کے بند ہونے کے اوقاتِ کار میں ایک اہم تبدیلی اور توسیع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے دکانوں، بازاروں اور کاروباری مراکز کے بند ہونے کے اوقات کار میں باقاعدہ توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقدہ کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں حکومت کی طرف سے جاری کفایت شعاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں منظور کیے گئے نئے شیڈول کے طور پر مختلف کاروباری شعبوں کے نئے اوقات کی منظوری دی گئی، جس کے تحت تمام دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عام ریٹیل کاروبار اب رات 9 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، کھانے پینے کے تمام مراکز اور ریسٹورنٹس کو رات 11 بجے تک کام کرنے کی اجازت ہوگی، شادی ہالز اور دیگر تقریبات کے مقامات کے لیے پرانا وقت برقرار رہے گا اور وہ رات 10 بجے تک ہی کھلے رہیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں پر وقت کی یہ پابندی لاگو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ریسٹورنٹس کی ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز ان اوقات سے مکمل مستثنیٰ ہوں گی، فارمیسیز اور ہسپتال چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکیں گے، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلقہ اداروں پر بھی یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ بتایا جارہا ہے کہ کفایت شعاری کمیٹی نے تمام صوبائی حکومتوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور اپنے اپنے صوبوں میں ان نئے اوقات کار پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ توانائی کی بچت کے اہداف کو پورا کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں