بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات ہوئی، یہ ملاقات ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور مالی سال 2026/2027ء کے بجٹ کے حوالےسے کاروباری برادری سے مشاورت کے تناظر میں تھی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وفد میں میاں محمد منشاء، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی تبہ، مصدق ذوالقرنین، زیاد بشیر، شہزاد سلیم، زیلف منیر، عمر سعید، عمر منشاء، یوسف سعید، کامران ارشد، خرم مختار ، آصف پیر، سلطان گوہر اعجاز، فواد انور، ذوالفقار حیات، جاوید اقبال، یوسف حسین، عامر ابراہیم، خواجہمسعود اختر اور اعجاز نبی شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے سفیر اور پہچان ہیں، مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کے شکر گزار ہیں، حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کی راہ پر گامزن ہیں، یہی ہماری معاشی پالیسی کا محور ہے، غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں، آئندہ بجٹ میں کاروباری برادری کی قابلِ عمل تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ایسی صنعتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں جن سے ملکی پیداوار بڑھے، برآمدات میں اضافہ ہو ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے، نوجوانوں کیلئے تکنیکی و فنی تربیت کے پروگرام شروع کیے ہیں تاکہ ان کو روز گار ملنے میں آسانی ہو اور وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس مقدمات کی سماعت میں بہتری لانے کے حوالےسے ٹیکس ٹریبونلز میں اصلاحات کی گئی ہیں، ان ٹریبونلز میں انتہائی شفاف طریقہ کار کے ذریعے بھرتیاں کی گئی ہیں، سپیشل کمرشل کورٹس کے قیام کے حوالےسےکمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کے لئے موٹر وے ایم 10 کی اپ گریڈیشن اور پیپری فریٹ کوریڈور پر کام جاری ہے، موٹر وے ایم 13 کھاریاں/راولپنڈی سیکشن کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلہ کم ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں