سینیٹ ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری؛ اعظم سواتی امیر سینیٹرز میں شامل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے سینیٹرز کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق اعظم سواتی امیر ترین ارکان میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ارکان سینیٹ کے مالی سال 2018-19 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جن کے مطابق پی ٹی آئی کے اعظم سواتی امیر ترین سینیٹرز میں شامل ہیں اور ایک ارب 85 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ سینیٹر تاج آفریدی بھی 1 ارب 30 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

دوسری جانب ن لیگ کے پرویز رشید اور جماعت اسلامی کے سراج الحق غریب سینٹرز میں شامل ہیں۔ پرویز رشید کے اثاثوں کی مالیت 23 لاکھ روپے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی 31 لاکھ روپے ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دس کروڑ روپے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا 26 کروڑ 52 لاکھ، قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز 23 کروڑ اور اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ راجا ظفر نے 7 جائیدادوں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

وزیر قانون فروغ نسیم 48 کروڑ، سینیٹر طلحہ محمود 33 کروڑ 26 لاکھ، فیصل جاوید 1 کروڑ 83 لاکھ، سینیٹر آصف کرمانی 4 کروڑ 34 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

علامہ اقبال کے پوتے سینیٹر ولید اقبال کے اثاثوں کی مالیت 13 کروڑ، سینیٹر شیری رحمان 25 کروڑ، سینیٹر مشاہداللہ خان 2 کروڑ 44 لاکھ، فاروق ایچ نائیک کے 9 کروڑ ، مصطفی نواز کھوکھر کے 17 کروڑ 47 لاکھ، سینیٹر رحمان ملک 8 کروڑ روپے، ڈاکٹر شہزاد وسیم کے 33 کروڑ، سینیٹر مرزا محمد آفریدی 41 کروڑ اور سینیٹر رضا ربانی 12 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں