تنویر الیاس نے حکومت ختم ہونے کی ذمہ داری پرویز خٹک پر ڈال دی

مظفر آباد : سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردارتنویر الیاس اقتدار سے الگ ہوتے ہی پارٹی رہنماؤں پر برس پڑے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تنویر الیاس نے حکومت ختم ہونے کی ذمہ داری پرویز خٹک پر ڈال دی۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ منصوبے کے تحت تحریک انصاف کو کمزور کیا گیا،پرویز خٹک کی مداخلت کے بعد آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت گری۔
انکا کہنا تھا کہ جو آزاد کشمیر میں حکومت کا خواب دیکھ رہے ہیں وہ بھی ناکام ہوں گے،پرویز خٹک سے اختلافات ہو سکتے ہیں مگر پارٹی کے جھنڈے تلے سب ایک ہیں،جو اختلافات ہیں وہ عمران خان کے سامنے رکھے جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھے گی۔

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس بھی پارٹی صدارت سے سبکدوش ہو گئے۔ سابق وزیر اعظم سردار قیوم نیازی تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور خواجہ فاروق کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا ہے۔ جب کہ چوہدری مقبول گجر اسپیکر شپ کے امیدوار نامزد کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی نے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والوں کی رکنیت بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں