واشنگٹن/ اسلام آباد : امریکہ کی جانب سے قبضے میں لیا گیا ایرانی جہاز ایم وی توسکا پاکستان منتقل کردیا گیا دیا ہے جس کی تہران واپسی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے گزشتہ ماہ خلیجِ عمان سے قبضے میں لیا گیا ایرانی مال بردار بحری جہاز ایم وی توسکا (MV Tosca) باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کر دیا ہے تاکہ اسے تہران واپس بھیجا جا سکے، یہ اقدام امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کی ایک بڑی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے ترجمان کیپٹن ٹام ہاکنز نے تصدیق کی ہے کہ جہاز کو عملے کے 22 ارکان سمیت پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے، اس منتقلی کا واحد مقصد جہاز کی ایران واپسی کو محفوظ بنانا ہے، اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکی فورسز نے اس جہاز کو 19 اپریل کو ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے قریب سے حراست میں لیا تھا، امریکہ کا مؤقف تھا کہ یہ جہاز بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا تھا، جبکہ ایران نے اسے “سمندری ڈکیتی” قرار دیا تھا، ضبطی کے وقت جہاز پر 28 ارکان موجود تھے، پچھلے ہفتے عملے کے 6 افراد (جو ممکنہ طور پر عملے کے اہل خانہ تھے) ان کو پہلے ہی ایک علاقائی ملک کے ذریعے ایران روانہ کیا جا چکا ہے، باقی ماندہ 22 ارکان اب پاکستان کے راستے وطن واپس جائیں گے۔




