امریکا میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف، کانگریس میں قرارداد پیش

واشنگٹن: امریکی کانگریس میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے قرارداد پیش کی گئی ہے۔ امریکی کانگریس کے رکن الگرین نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں ایران اور امریکا کے درمیان امن کے قیام کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا ہے۔
قرارداد میں پاکستان کو ایک غیر جانبدار اور قابل اعتماد ثالث قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس نے ایک ایسے حساس تنازع کے دوران مؤثر سفارت کاری کی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان، عوام کی نقل مکانی اور عالمی سطح پر مالی دباؤ پیدا ہوا۔

الگرین نے کہا کہ جنگ اور انسانی تکالیف کے ماحول میں ان ممالک اور قوتوں کو تسلیم کرنا ضروری ہے جو امن اور مذاکرات کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا متوازن اور غیر جانبدار کردار اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ تنازعات کے حل کیلئے سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کوششوں کو سراہنا دراصل مذاکرات کو ترجیح دینے اور متاثرہ بے گناہ افراد کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں