لکی مروت: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردی کی ایک سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں سرائے نورنگ بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق لکی مروت کے مصروف تجارتی علاقے سرائے نورنگ بازار میں ہونے والے ایک زوردار دھماکے نے ہر طرف تباہی مچا دی، ہسپتال ذرائع نے اب تک 7 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے، جبکہ درجنوں زخمی زیرِ علاج ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ بازار میں موجود افراد سنبھل نہ سکے، ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ اب تک 7 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں ڈیوٹی پر مامور 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے کے نتیجے میں 18 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں جو خریداری کے لیے بازار میں موجود تھے۔
معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، قریبی ہسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور تمام طبی عملے کو چھٹیوں سے واپس بلا لیا گیا، بعض شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث شہدا کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، دھماکے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے کہ آیا یہ خودکش حملہ تھا یا نصب شدہ بم کا دھماکہ ہے، سکیورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
لکی مروت: سرائے نورنگ بازار میں دھماکا،2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق




