15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام کیسز نمٹادیے جائیں، وزیراعظم کا ایف بی آر کو حکم

اسلام آباد:وزیراعظم سے ملک بھر کی کاروباری برادری نے ملاقات کی، وزیراعظم نے ٹیکس ریفنڈز 15 جون تک نمٹانے اور پرال کا دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے ملاقات کی جس میں آئندہ وفاقی بجٹ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور معیشت کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی مسلسل محنت اور مؤثر پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت کو استحکام ملا ہے اور اب تیز تر معاشی ترقی کے حصول کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ صنعتی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت دی کہ 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹائے جائیں تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کا بنیادی مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مقصد کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس امر کا بھی خیرمقدم کیا کہ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود بینکوں نے ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے برآمد کنندگان کو سہولت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں