اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے

کراچی : وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔جو ایک انتہائی تشویشناک بات ہے ،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیوپیغام نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیس سامنے آئے ہیں جو مجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہے۔

اور یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جوکہ تشویش کا باعث ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے جس میں سے 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے۔گزشتہ 24گھنٹوں میں 6اموات بھی ہوئی جو کہ زیادہ تعداد ہے۔اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے اور اس معاملے میں اہم وجہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کا نام ہونا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ جب تک صوبے میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل ہورہا تھا تو صورتحال بہتر تھی۔ملیر میں لاک ڈاؤن کمزور تھا جس کو میں نے آج مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی ہے۔حیدرآباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس وجہ سے لاک ڈاؤن سخت کیا جا رہا ہے۔وزیراعلی نے مزید بتایا کہ اب تک 371 لوگ صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔جبکہ آج مزید 13 لوگ صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو روانہ ہونگے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ کراچی میں عوام کو گھروں تک محدود کرنے کے لیے حکومتی نوٹیفکیشن پر عمل درآمد بھی موثر انداز میں نہیں ہو سکا جبکہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے کراچی سمیت صوبہ بھر میں کورونا کی عالمی وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کو دو ہفتے سے زائد گزر چکے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے جو عام افراد کی روزمرہ زندگی کے معمولات متاثر ہوئے ہیں وہاں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں بند ہونے سے لوگ کوڑی کے محتاج ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں