لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی؛ ملک میں متعدد دکانیں اور کاروبار کھل گئے

وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ ساتھ کچھ نرمی کیے جانے کے بعد ملک بھر میں چند مخصوص دکانیں اور کاروبار کھل گئے۔

چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی ہے جبکہ چند دکانوں اور صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے ساتھ ہی گھروں سے باہر نکلنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا جبکہ سڑکوں پر بھی ٹریفک زیادہ نظر آنے لگا۔

ان میں الیکٹریشن، پلمبر، حجام، بڑھئی، درزی، پرچون اسٹورز، بیکریز ،آٹا چکی، ڈیری شاپس ،چکن اینڈ گوشت ،مچھلی ،فروٹس، سبزیاں ،تندور ،آٹو ورکشاپس ،ٹائر پنکچرز ،اسپیئر پارٹس کی دکانیں شامل ہیں۔ انہیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کام کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح تعمیراتی صنعتوں، برآمداتی کمپنیوں، آن لائن کام کرنے والے اداروں اور کوریئر کمپنیوں کو بھی کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔

کیمیکل ،سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، پروگرامنگ کمپنیوں، کال سینٹرز، ای کامرس بزنس اور لوکل ڈلیوریز کمپنیوں کو 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کی اجازت دی گئی ہے۔

کام شروع کرنے والے تمام کاروباروں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، کم سے کم عملے کے ساتھ کام کرنا ہوگا، سماجی فاصلے اور ماسک، سینیٹائزر کی دستیابی بھی یقینی بنانی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں