پاکستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 42 ہزار 227 ہوگئی

اسلام آباد : دنیا بھر سمیت پاکستان میں پھیلے کورونا وائرس کے مریض دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور اب تک ملک میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 42 ہزار 227 ہوگئی ہے جبکہ اموات 899 تک جا پہنچی ہیں. سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج 18 مئی کو اب تک ملک میں 927 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 318 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اسی طرح سندھ میں 280‘پنجاب میں 252‘بلوچستان میں 37‘وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 07‘گلگت بلتستان میں 04 اورآزاد کشمیر میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہیں.

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس وائرس کا پھیلاﺅروکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی اور بعدازاں لاک ڈاﺅن بھی نافذ کیاگیا تھا‘تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا اور آج سے مختلف صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال کی جارہی ہے.

ابتدا میں ملک میں وائرس کا پھیلاﺅ سست رہا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور وائرس کو تقریباً 3 ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد یومیہ ایک ہزار یا اس سے زائد کیسز کی تصدیق ہورہی ہے. اعداد و شمار کو دیکھیں تو 26 فروری سے 30 اپریل تک پاکستان میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تھی جبکہ اموات کی تعداد 385 تھی‘تاہم یکم مئی سے آج 18 مئی تک پاکستان میں 23 ہزار سے زائد کیسز اور 900 کے قریب اموات ہوچکی ہیں جو انتہائی پریشان کن ہے.

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ بھی ہے اور 16 مئی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس آنے کے بعد سے ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں 30 گنا اضافہ کیا گیا اور ہفتے کو ایک ہی روز میں ریکارڈ 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے تھے.

آج بھی ملک میں کورونا وائرس کے متعدد متاثرین سامنے آئے ہیں‘جن میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 864 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق کردی گئی ہے ‘اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 864 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 17 ہزار 241 ہوگئی.

اپنا تبصرہ بھیجیں