وزیراعظم کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:

وزیر اعظم عمران خان نے اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد اسمگلنگ اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر اطلاعات شبلی فراز، مشیر تجارت عبدالرزاق داوَد، معاون خصوصی شہزاد اکبر، معاون خصوصی محصولات وقار مسعود خان ، چیئرمین ایف بی آر اور اعلی سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں اسمگل کئے جانے والے تیل کی فروخت سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 2094 پیٹرول پمپس اسمگلڈ تیل کی فروخت میں ملوث ہیں، اسمگل کئے گئے تیل سے ملک معیشت کو 100 سے 150 ارب روپے سالانہ نقصان ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، انسداد اسمگلنگ اقدامات سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں