نیب میں پیشی سے قبل حفاظتی ضمانت‘مریم نوازہائی کورٹ پہنچ گئیں

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئی ہیں‘مریم نواز اچانک لاہور ہائیکورٹ پہنچنے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی عدالت میں پیش ہوئیںانہیں نیب لاہور نے 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے. وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کے روبرو نیب طلبی نوٹس کے حوالے سے فوری سماعت کی درخواست کی جس پرعدالت نے درخواست 12 بجے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا ہے.

نیب میں طلبی کا نوٹس ملنے کے بعد گزشتہ دنوں مریم نواز کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا گڑ بڑ کی گئی تو بھرپور مقابلہ کرینگے جو نواز شریف کے بارے میں بات کریگا اسکی زبان کھینچ لیں گے، تم ڈیڑھ سال اور رک گئے تو تمہارا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا. دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نیب طلبی کی جو وجوہات بتائی گئی ہیں اس نے نیب کو بے نقاب کردیا ہے، کیا نیب اداروں کی خدمت اور ترجمانی کے لیے بنا ہے؟ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے کارکن اور رہنما ساتھ ہونگے.

واضح رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب پیشی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے نیب لاہور کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دے دی ہے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے 25 اور 26 مارچ 2 روز کے لئے رینجرز، پولیس نیب آفس اور گردونواح پر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی . مبینہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرپنجاب حکومت کی جانب رینجرز کی خدمات لینے کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، کوررونا ایس او پیز کے خلاف ورزی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی.

اپنا تبصرہ بھیجیں