ملکی زرمبادلہ ذخائر ساڑھے 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

کراچی : ملکی معیشت کے حوالے سے بہت بڑی خوشخبری، پاکستان کو اربوں ڈالرز مل گئے، ملکی زرمبادلہ ذخائر ساڑھے 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری پیغام میں ملک کی معیشت کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان یورو بانڈز کی مد میں ڈھائی ارب ڈالرز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر جولائی 2017 والی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
ڈھائی ارب ڈالرز حاصل کیے جانے کے بعد ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر 16ارب ڈالر جبکہ مجموعی ذخائر 23 ارب ڈالرز سے زائد ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب15 کروڑ22 لاکھ ڈالرز کے ذخائر موجود ہیں۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی 3 سال کے بعد انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں واپسی ہوئی ہے۔ کیپٹل مارکیٹ سے 5، 10 اور 30 سال کے یورو بانڈز سے 2.5 ارب ڈالر حاصل کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے اور ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں5پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 153روپے سے کم ہو کر152.85روپے اور قیمت فروخت153.10روپے سے کم ہو کر153.05روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 10پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد ڈالرکی قیمت خرید 153روپے سے گھٹ کر152.90روپے اور قیمت فروخت153.30روپے سے گھٹ کر153.20روپے پرآگئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں