جہانگیر ترین کے شکوے، وزیراعظم عمران خان کی قانون کا سامنا کرنے کی ہدایت

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس پر بھی الزامات ہیں قانون کا سامنا کرے، عدالتیں انصاف فراہم کریں گی۔لاہور کے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ میں قانون سب کے لیے برابر ہے، ریاست مدینہ کو عملی جامہ پہنائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لئے ایک ہے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، مجھ سمیت سب قانون کے سامنے جواب دیے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان میں قانون کی بالادستی ہوگی۔یہاں پر واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے دو روز قبل کہا تھا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔سینئر تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس بیان میں جہانگیر ترین کو پیغام دیا ہے کہ اپنے اوپر لگے تمام الزامات کا سامنا کریں۔

اگر الزامات جھوٹے ہیں تو یقینا انہیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین نے 10 اپریل کو بیکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر ایک بار پھر بھرپور پاور شو کا فیصلہ کر لیا ، حکمت عملی طے کرنے کے لئے جمعہ کے روز اپنی رہائش گا ہ پر پارٹی کے ہم خیال رہنماؤں کو عشائیہ پر مدعو کر لیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین 10 اپریل کو دوبارہ بیکنگ کورٹ میں پیش ہوں گے ، اس حوالے سے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کے ہم خیال ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کے ساتھ عدالت جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ عدالت میں پیشی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لیے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر منعقد کیے گئے عشائیے میں ارکان اسمبلی سمیت ہم خیال ٹکٹ ہولڈرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے ، جہاں جہانگیر ترین اپنے سیاسی ساتھیوں کے ساتھ آئندہ قانونی لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے اور ہم خیال رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں