ایک دن میں کورونا ویکسین لگنے کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد :پاکستان میں ایک دن میں کورونا ویکسین لگنے کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ الحمد للہ ایک دن میں ویکسین لگنے کی تعداد کل 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ، اس کے علاوہ لوگوں کے رجسٹر کرنے کی رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب تک رجسٹر کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں سربراہ این سی او سی نے کہا کہ اگر آپ کی 40 سال یا اس سے زیادہ عمر ہے تو جلد رجسٹر کریں ، اور ساتھ میں حفاظتی اقدامات بھی جاری رکھیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی واک ان ویکسی نیشن شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ صوبے میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی واک ان ویکسینیشن شروع کر دی گئی ہے، تحمل مزاجی بھی ہونی چاہیے ، لوگ ناراض ہوتے ہیں ، انتظار نہیں کرتے ، صبح کے وقت جب رش ہوتا ہے تو لوگ ناراضی کا اظہار کرنے لگتے ہیں، ہم تو کسی بھی قسم کا وی آئی پی کلچر پروموٹ نہیں کر رہے ، 7 نئے ویکسینیشن سینٹرز کا اضافہ کر رہے ہیں، لاہور میں تین نئے ویکسینیشن سینٹر بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں ویکسین پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے ، ہم چین کی حکومت کے بہت شکر گزار ہیں ، ہمیں تین کروڑ ویکسین کی کمٹمنٹ آ گئی ہے ، آپ ہمسایہ ملک دیکھیں اور پاکستان کا حال دیکھیں ، ہمیں تو روزانہ شکرانے کے نفل پڑھنے چاہئیں کہ اللہ تعالیٰ کی بڑی رحمت ہے کہ مریضوں کی تعداد سنبھلی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں