ایٹمی دھماکوں کا سہرا مجھے جاتا ہے ، شیخ رشید احمد

راولپنڈی : وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کا سہرا راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور مجھے جاتا ہے، چوہدری نثار نے حلف اٹھا لیا ہے وہ جانیں ان کے کام جانیں ، پی ڈی ایم جو بھی کرے وزیر اعظم 5 سال مکمل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں نالہ لئی کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی ہمارا تاریخی دن ہے ، اس دن اسلامی ممالک میں ہمارا پہلا ملک ہے جس نے ایٹمی دھماکے کیے، ایٹمی دھماکوں کا سہرا راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور مجھے جاتا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ نالہ لئی کے حوالے سے 3 کروڑ دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں 3 یونیورسٹیوں کا بھی اعلان کیا ہے، ہمارے مرنے کے بعد 3 یونیورسٹیاں،60 کالج اور نالہ لئی ہمشیہ یاد رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ 28 مئی 1998 میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں آج ’’یوم تکبیر‘‘ منایا جا رہا ہے ، اس دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے دیا تھا ، ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

یوم تکبیر کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے خصوصی پیغام دیا ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 23 سال قبل خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا تھا ، پاکستان نے کم از کم جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا ، مسلح افواج اور قوم اس خواب کو حقیقت بنانے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے عوام کو یوم تکیبر کے موقع پر مبارکباد دی گئی ہے،

قائد ن لیگ نواز شریف نے کہا ہے کہ اے اہلِ وطن، آپ کو یومِ تکبیر مبارک! جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم تکبیر کی سالگرہ پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی ملک بھر میں عوام کے ساتھ مل کر آج 28 مئی کو یوم تکبیر کا دن قومی جذبے سے منائے ، 23 سال پہلے نوازشریف نے قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہمیں غلامی قبول نہیں ۔

نوازشریف کی جرات، بہادری اور قومی مفادات کی پاسبانی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے ، یوم تکبیر کے تاریخی دن کی اہمیت ، اس مقصد کے لئے دی جانے والی قربانیوں کواجاگر کیا جائے ، اس فیصلے کے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر اثرات سے متعلق حقائق نوجوان نسل کو بتائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں