کورونا ویکسین آگاہی مہم ، فلیکس پر 2018ء میں وفات پانے والے اداکارقاضی واجد کی تصاویر بھی آویزاں

لاہور : 2018ء میں وفات پانے والے معروف ٹی وی اداکار قاضی واجد کی تصاویر بھی کورونا ویکیسن کی آگاہی مہم کی فلیکس پر آویزاں کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کے لیے شروع کی گئی آگاہی مہم کیلئے مختلف مقامات پر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دی جا رہی ہے، ان بینرز پر مختلف مشہور شخصیات کی تصاویر لگائی گئی ہیں تاہم لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بعض بینرز ایسے بھی لگائے گئے جن پر مرحوم اداکار قاضی واجد کی تصویر لگائی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی اس نا اہلی کے خلاف آواز اٹھائی گئی اور انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا گیا ، کیوں کہ آگاہی مہم میں صرف ان لوگوں کی تصاویر لگائی جاتی ہیں جو حیات ہوں لیکن انتظامیہ نے قاضی واجد مرحوم کی تصویر لگادی جن کا فروری 2018 میں انتقال ہوگیا تھا۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر اس معاملے کو سامنے لائے جانے کے بعد لاہور ضلعی انتظامیہ نے انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے قاضی واجد مرحوم کی تصاویر والے فلیکس اتروا دیئے ، ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ اداکارقاضی واجد2018میں انتقال کرچکے ہیں ، تاہم تشہیری آگاہی فلیکس میں قاضی واجدکی تصو یرآویزاں ہوئی ، تشہیری آگاہی میں قاضی واجدکوویکسین لگوانے کی تحریر وینڈر سے غلطی سے لکھی گئی ، انسانی غلطی کی وجہ سے فلیکس لگے جو اتروادیئے گئے۔

دوسری جانب کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب کیلئے علماء کرام کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ملک بھر میں کورونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت علماء و مشائخ کا اجلاس ہوا ، جس میں کورونا ویکسین پر بات چیت کی گئی جب کہ کورونا رجسٹرڈ ویکسینز کے اجزا ترکیبی پرعلما و مشائخ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ علماء کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب کے لیے مؤثر آواز بلند کریں گے ، اس ضمن میں علماء کرام کی جانب سے 4 جون کو جمعہ کے خطبہ میں کورونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے خصوصی تلقین کی جائے گی ، جب کہ علماء اعلانات کا یہ سلسلہ آئندہ کے خطبات میں بھی جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں