مظفر آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، بھارت ذلت آمیز شکست کے بعد اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، خارجہ محاذ پر بھی پاکستان نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں، مسئلہ کشمیر کامیابی سے اجاگر کرنے پر نائب وزیراعظم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیا جائے گا، عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے حاضر ہوا ہوں، سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی وفات پر غمزدہ ہیں۔
اس موقع پر مرحوم بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے ہر قائد اور شہری کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، کشمیری اپنے بچے تک قربان کر سکتے ہیں مگر حق آزادی سے دستبردار نہیں ہوسکتے، بابائے قوم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، یہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے، کشمیریوں کا حقوق خودارادیت کا مطالبہ پورا ہونے تک پاکستان اپنی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ وادی کے کونے کونے سے کشمیر بنے گا پاکستان کی آواز گونج رہی ہے، عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا، اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت شاندار فتح نصیب ہوئی، فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو دی گئی شکست ان کی نسلیں بھی نہیں بھولیں گی، معرکہ حق میں شاندار فتح سے کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ، توسیع و تسلط پسندانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گے جو معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔
عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، وزیراعظم




