عائشہ اکرم سے بدتمیزی کے شبے میں گرفتار 98 ملزمان بے گناہ قرار

لاہور: گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ کو ہراساں کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔عائشہ اکرم سے بدتمیزی کرنے کے شبے میں گرفتار 98 ملزمان کو بے گناہ قرار دے دیا گیا ہے۔98 ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفتیش کے دوران 98 ملزم شناخت پریڈ میں بے گناہ قرار پائے گئے۔ٹک ٹاکر نے 6 ملزمان کو شناخت کیا جب کہ 98 ملزمان کو آج ضلع کچہری میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس نے ملزموں کو ڈسچارج کرنے کے لیے رپورٹ تیار کر لی۔ایڈیشنل سیشن جج حسن سرفراز چیمہ سماعت کریں گے۔یہاں واضح رہے کہ گریٹر اقبال پارک میں اوباشوں کے ہجوم کے نرغے میں آنے والی خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے کیمپ جیل میں شناخت پریڈ کے دوران 4 ملزمان کی غلط شناخت کی تھی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ٹک ٹاکر خاتون کی شناخت پریڈ کی رپورٹ جاری کی، خاتون نے 6 اور گواہان نے 3 ملزمان کی شناخت کی تاہم چار کی غلط شناخت کی گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی رپورٹ کے مطابق خاتون نے 3 گواہان بلال، ریمبو اور صدام کی موجودگی میں 104 ملزمان میں سے 6 ملزمان کو شناخت کیا، شناخت کیے گئے ملزمان میں شہر یار، مہران، عابد، ارسلان، ساجد اور افتخار شامل ہیں۔خاتون نے چار ملزمان کو غلط شناخت کیا، چاروں ملزمان جیل میں 6 ماہ سے مختلف مقدمات میں قید تھے۔

خاتون نے بتایا کہ شناخت کیے گئے ملزمان میں سے افتخار نے میرے کپڑے پھاڑے اور ہاتھوں میں اٹھایا، ٹک ٹاکر عائشہ نے ملزم ارسلان پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا، جبکہ ملزم شہر یار نے دھکے دے کر جنگلے کے ساتھ مارا اور زد و کوب کیا، ملزم عابد نے سیلفیاں لیں اور غلط حرکات کیں، ملزم ساجد نے لڑکوں کو میری طرف اکسایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں