پیٹرولیم کمپنیوں نے کُھلے پیٹرول پمپس کی فہرست جاری کر دی

لاہور : پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے لیکن کچھ پیٹرول پمپس ایسے بھی ہیں جو کھلے رہیں گے۔ ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولم پمپس پر جزوی دستیابی جاری ہے۔ اس حوالے سے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور شیل کی جانب سے ملک بھر میں کمپنی کی زیرِ ملکیت کھولے گئے پیٹرول پمپس کی فہرست جاری کی گئی، اس فہرست کے مطابق پی ایس او کے کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔

کراچی میں کلفٹن روڈ، عبداللّٰہ شاہ غازیؒ کے مزار کے قریب، خیابانِ اتحاد، کورنگی، مین کورنگی روڈ، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور کے ڈی اے ورکشاپ شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں جہاں پیٹرول دستیاب ہے۔ جبکہ شیل کی جانب سے بھی کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں۔

شیل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کراچی میں عسکری مین راشد منہاس روڈ، ایم اے جناح روڈ، خیابانِ بحریہ ڈیفنس فیز 5، سن سیٹ بلیوارڈ ڈیفنس فیز 2، کلفٹن بلاک 8، مین سپر ہائی وے گیٹ اور شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہے۔