خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: صوبہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے اس دوران 11 دہشت گرد مارے گئے، سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور سکیورٹی فورسز نے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، تمام دہشتگرد فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، آپریشنز کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے مقامی افراد کی حمایت حاصل تھی۔
علاوہ ازیں پاک افغان بارڈر پر اسپین کئی کے مقام پر دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی جہاں 7 دہشت گردوں کی جانب سے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی،تاہم سکیورٹی فورسز نے ساتوں دہشتگردوں کو گھیر لیا اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے تمام 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا.

اپنا تبصرہ بھیجیں