پاکستان کی نئی نجی ایئر لائن لبرٹی ایئر کے مالک کا نام سامنے آگیا

لاہور : پاکستان کی نئی نجی ایئر لائن لبرٹی ایئر کے مالک کا نام سامنے آگیا، سابق سٹی ناظم لاہور، دنیا میڈیا گروپ، پنجاب کالج اور کئی یونیورسٹیوں کے مالک میاں عامر محمود ہی لبرٹی ائیر کے مالک بھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی حکومت نے لبرٹی ایئر نامی نئی نجی ایئر لائن کو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

نجی ایئرلائن کو لائسنس جاری کرنے کی منظوری وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے دی تھی۔ پاکستان میں نئی نجی ائیرلائن کی آمد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر عوام نے بھی ردعمل دیا۔ جہاں بیشتر لوگوں نے پاکستان میں ایک نئی نجی ائیرلائن کی آمد کی خبر کو مثبت قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا، وہی اس ائیرلائن کے حوالے سے کچھ سوالات بھی کیے گئے۔

سب سے زیادہ پوچھے جانے والا سوال ائیرلائن کے مالک کے حوالے سے کیا گیا۔ پاکستان میں کام کرنے والی نجی ائیرلائن اپنے مالکان کے حوالے سے ہمیشہ سے ہی باعث بحث رہی ہیں۔ اب لوگوں میں لبرٹی ائیرلائن کے مالک کی معلومات سے متعلق بھی تجسس پایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ہمارے ذرائع نے معلومات حاصل کر لی ہیں۔ سابق سٹی ناظم لاہور، دنیا میڈیا گروپ، پنجاب کالج اور کئی یونیورسٹیوں کے مالک میاں عامر محمود ہی نئی نجی ائیرلائن لبرٹی ائیر کے مالک ہیں۔