پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی، بلاول بھٹو

کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آمروں اوران کی کٹھ پتلیوں نے معاشرے، معیشت اورجغرافیہ کوشدید نقصان پہنچایا لیکن پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی یومِ سیاہ کے موقع پرپیغام میں کہا کہ آمروں اوران کی کٹھ پتلیوں نے معاشرے، معیشت اورجغرافیہ کوشدید نقصان پہنچایا، ضیاء نے منشیات اورغیرقانونی اسلحہ سے ملک میں نفرت، لسانیت اورمذہبی منافرت کے بیج بوئے جب کہ شہید بھٹوسمجھتے تھے کہ غربت و افلاس قدرت کے نہیں انسانوں کے پیدا کردہ ہیں، شہید بھٹو نے پوری قوم کو جگایا اوراسے بااختیار بنایا۔ بلاول نے کہا کہ بیگم بھٹواورشہید بی بی نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی ، قائدِ عوام کی جانب سے کمزورطبقات کو بااختیاربنانے پراستحصالی گروہ چوکنا ہوگیا جب کہ استحصالی گروہ کی سازشوں نے شہید بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی، سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے ہرادارے، معیشت، اقدارکوتباہ کرنے پرتُلا ہوا ہے لیکن ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘ ، کے نعرے تلے آمریتی عناصراورسلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
بلاول نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف انتقامی کارروائیاں 5 جولائی 1977 کا تسلسل ہیں، آمریتی عناصراورجمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے، کچھ بھی کرلیں آخری فتح پاکستانی عوام کی ہوگی، آئیے، آج نظریئہ جمہوریت سے تجدید عہد نوکریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں