تحریک عدم اعتماد ناکام بنائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو مل کر ناکام بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اہم ملاقات کی جس میں ان کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ اس ملاقات میں اعظم سواتی، پرویز خٹک اور شبلی فراز بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی تحریک سے متعلق مشاورت کی جبکہ اعظم سواتی اور قائد ایوان شبلی فراز نے وزیراعظم کو نمبر گیم سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم تحریک کی ناکامی کے لئے پراعتماد ہیں۔ مفاد پرست لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں، چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا کون سی جمہوری اقدار ہیں۔

ذرائع کے مطابق نے چیئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنجرانی صاحب! آپ ایوان شاندار انداز میں چلا رہے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں، آپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہم سب مل کر ناکام بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں