سٹاک مارکیٹ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے‘ انڈیکس 61 ہزار سے اُوپر چلا گیا

کراچی: سٹاک مارکیٹ میں تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے انڈیکس 61 ہزار کی سطح سے اُوپر چلا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی انڈیکس نئی بلندیوں کو چُھو گیا جہاں 100 انڈیکس میں 472 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 61 ہزار 202 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ انڈیکس میں اضافے کا یہ سلسلہ اس ہفتے کے آغاز کے ساتھ اس وقت شروع ہوا جب پہلے کاروباری دن پیر کے روز سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 724 پوائنٹس اضافے سے 59 ہزار 811 پر بند ہوا، اس کے بعد منگل کے روز بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی اور کاروبار کا مثبت آغاز ہوا جو دن کے اختتام تک برقرار رہا اور 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 60 ہزار 845 پر پہنچ گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس ان دنوں 6 سال بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے جس سے پیسے کی قدر میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے، بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کیے گئے 90 سے زیادہ عالمی ایکویٹی انڈیکسز میں رواں ماہ کراچی سٹاک ایکس چینج 10 فیصد بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ بلوم برگ نے رپورٹ کیا ہے کہ رواں سال جون میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے قرض کا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کے سٹاکس میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، پاکستانی روپیہ ستمبر میں ریکارڈ نچلی سطح سے تقریبا 10 فیصد بڑھ چکا ہے اور بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کی جانے والی معیشتوں میں سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسی قرار دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں