پاکستان سمیت بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے چلنے پھرنے کے لیے ’واکنگ اسٹک‘ کا استعمال شروع کردیا۔
حال ہی میں ماہرہ خان کی دوست نینا کاشف نے اداکارہ اور اُن کے شوہر سلیم کریم کی شادی کے اعزاز میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا جس میں اداکارہ عائشہ عمر اور مومل شیخ سمیت اُن کے دیگر قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
نینا کاشف نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر پارٹی کی چند تصاویر پوسٹ کیں جن میں ماہرہ خان سفید اور سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس اپنے شوہر سلیم کریم اور دوستوں کے ہمراہ کافی خوش نظر آرہی ہیں۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک تصویر دیکھ کر مداحوں پریشان ہوگئے کیونکہ مذکورہ تصویر میں ماہرہ خان ’واکنگ اسٹک‘ کا سہارا لیکر اپنی سہیلی نینا کاشف کے ساتھ کھڑی ہیں۔
پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے پوچھا کہ ماہرہ خان کو آخر کیا ہوا ہے؟ وہ ’واکنگ اسٹک‘ کا سہارا لیکر کیوں کھڑی ہیں؟
دوسری جانب ماہرہ خان اور اُن کی دوست نینا کاشف کی جانب سے مداحوں کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے رواں سال یکم اکتوبر کو اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی، پاکستان سمیت بھارت میں بھی اداکارہ کی دوسری شادی کے خوب چرچے ہوئے تھے۔