حافظ نعیم الرحمان کا اپنی نشست چھوڑنے کا اعلان

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔حافظ نعیم الرحمان نے صوبائی نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ایس 129 کی سیٹ واپس کرتا ہوں۔ خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے ،تحریک انصاف کے امیدوار نے مجھ سے زیادہ ووٹ لیے،مصطفیٰ کمال سمیت تمام لوگوں کو بدترین شکست ہوئی ہے،یہ جعل سازی کرکے پھنس گئے ہیں۔
لوگوں کو انتہا پسندی کی طرف لے کر نہیں جانا چاہئیے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ عوام کو حق رائے دہی سے محروم کیا گیا۔کارروائی کرنے والوں نے پہلے کیمرے ہٹائے پھر ڈبے بھرنا شروع کر دئیے۔ مطالبہ کرتا ہوں کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔
جعلی مینڈیٹ پر جشن منانے والے ڈوب مریں۔فارم 45 نہیں دئیے جا رہے۔ سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے۔

چیف جسٹس پاکستان فوری نوٹس لیں۔خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 کے نتائج کے بعد جہاں ملک بھر سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے وہیں کئی سیاسی جماعتوں کے امیدواران نے نتائج ماننے سے انکار کر دیا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بھی الیکشن نتائج روکے جانے اور مبینہ دھاندلی کے خلاف شہر قائد کی8 بڑے مقامات میں اسٹار گیٹ، کورنگی ڈھائی نمبر، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان، یوپی موڑ نارتھ کراچی، اورنگی پونے پانچ چورنگی، حسن اسکوائر،قائد آباد چورنگی، امتیاز سپر مارکیٹ ناظم آباد 7 نمبراحتجاج کیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں