آئینی عہدوں کیلئے پیپلزپارٹی کے مشاورتی عمل میں تیزی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے اہم آئینی عہدوں کے لئے مشاورتی عمل تیز کر دیا، اتحادی حمایت کریں یا نہ کریں پاکستان پیپلز پارٹی تمام آئینی عہدوں پر اپنے امیدوار لازمی کھڑے کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت کے عہدے کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینٹ کے لئے شیری رحمان اور سلیم منڈی والا کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے، سپیکر قومی اسمبلی کے لیے یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف میں سے کوئی ایک امیدوار ہوسکتا ہے، تاہم یوسف رضا گیلانی سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں ن لیگ نے وزیراعظم کی سپورٹ کرنے پر چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کے دونوں عہدے پیپلز پارٹی کو دینے کی پیشکش کی تاہم اس ملاقات میں صدر مملکت کے عہدے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے صدر مملکت کے عہدے سے متعلق پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات طے پانے کی تردید کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کو صدر کا عہدہ دینے کی کمٹمنٹ نہیں کی، پیپلز پارٹی وزارتیں لے کر بھی حکومت کا حصہ ہوگی، وزارت نہ لے کر بھر حکومت کا حصہ رہے گی، اس وقت ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے اور سخت فیصلے کرے۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف ، سابق صدر آصف زرداری، چودھری شجاعت، علیم خان ، خالد مقبول ودیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ الیکشن کا مرحلہ ختم ہوچکا، اب ہماری جنگ ملک کودرپیش چیلنجز کے خلاف ہوگی، یہاں بیٹھی تمام جماعتوں کے پاس دوتہائی اکثریت ہے، مفاہمتی عمل میں پی ٹی آئی کو بھی شامل کریں گے، آئندہ حکومت کی پہلی ترجیح معاشی ایجنڈا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں