بیرسٹر گوہر کیخلاف بیان، شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر کےخلاف بیان دینے پر وکیل رہنماء شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء شیر افضل مروت کی جانب سے بیرسٹر گوہر کے خلاف بیان بازی کے معاملے پر پارٹی نے شیرافضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل کی بیان کی وجہ سے تناؤ کی صورتحال بنی، جس کی بناء پر شیر افضل کو دو روز میں معافی نامہ جمع کروانے کی ہدایت کی جاتی ہے، جواب نہ دینے یا غیر مطمئن جواب کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ جیو نیوز کو انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے نااہلی اور خراب کارکردگی ہے، بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں لیکن ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی کیوں کہ پارٹی آفس چلانے کے لیے ہر وقت متحرک رہنا ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ کا وقت بیرسٹر گوہر کو ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، ورکرز کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام ہوئے، انتخابی نتائج کے بعد قیادت کی اپروچ قابل ستائش نہ تھی، بیرسٹر گوہر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا لیکن وہ ناکام رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں